کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ آسٹریلوی سرمایہ کاروں کیلئے منعقدہ ویب نار انتہائی کامیاب رہا، آسٹریلوی سرمایہ کاروں کو بلوچستان کے بارے میں پہلی مرتبہ بہت کچھ جاننے کا موقع ملا، آسٹریلوی بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں نے مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ہم سے معلومات طلب کی ہیں۔
جو پاکستانی ہائی کمیشن کے توسط سے انہیں فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ ویب نارز کے انعقاد کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں،اس سے پہلے امریکہ، ترکی، جاپان، جنوبی افریقہ اوردیگر ممالک کے لئے کامیاب ویب نارز منعقد کر چکے ہیں، جن کے بعد بڑی تعداد میں سرمایہ کار ہم سے رابطے کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں صوبے میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔
پہلی مرتبہ کاروبار میں آسانی کا سیل بنایا گیا ہے جو مکمل طور پر فعال ہے، تاجروں اور سرمایہ کاروں کیلئے کوئٹہ میں سہولت مرکز کا قیام بھی حتمی مراحل میں ہے جبکہ اسلام آباد کے بعد کراچی میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کا دفترقائم کر دیا گیا ہے جو عنقریب فعال ہو جائیگا، اسکے بعد گوادر میں دفتر کا قیام عمل میں لایا جائیگا، ان اقدامات کا مقصد سرمایہ کاروں کو بلوچستان کے مختلف شعبوں کی جانب راغب کرنا۔
انہیں ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات کی فراہمی اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصدبلوچستان کو بین الاقوامی برادری کے سامنے سرمایہ کاروں کی جنت کے طور پر پیش کرنا ہے جس میں بڑی حد تک ہمیں کامیابیاں مل رہی ہیں۔