|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2014

نئی دہلی: شمالی ہندوستان میں تماشائی اس وقت حیران رہ گئے جب ایک بندر نے ایک دوسرے بندر کو ’دوبارہ زندہ‘ کردیا جو کرنٹ لگنے کی وجہ سے ٹرین کی پٹھریوں پر گرپڑا تھا۔ ہندوستانی شہر کانپور میں ایک بندر ہائی ٹینشن تاروں کو ہاتھ لگانے کے باعث کرنٹ لگنے سے پٹھری پر گرا تاہم اس کی مدد کو فوری طور پر اس کا ساتھی وہاں پہنچ گیا۔ اس دوسرے بندر کو اپنے ساتھی کی ’لاش‘ کو اٹھاتے، اسے کیچڑ میں پھینکتے اور اس کے سر کے ساتھ چھیڑخانی کرتے ہوئے دیکھا گیا جس کے باعث بظاہر یہ بندر چند منٹ بعد دوبارہ زندہ ہوگیا۔ پہلا بندر اب تک پوری طرح کیچڑ میں تر ہوچکا تھا تاہم اس نے آنکھیں کھولیں اور ہلنا شروع کیا۔ یہ مناظر دیکھ کر ارگرد موجود لوگ حیران رہ گئے جبکہ متعدد لوگوں نے تصاویر کھینچیں اور ویڈیو بھی بنائی۔