کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان اجتماعی طور پر پسماندگی کا شکار ہے صوبے کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے یہاں یکساں ترقیاتی پیکج کی ضرورت ہے، بلوچستان کے شمالی علاقے مسائل کا شکار ہیں بجلی و گیس کی عدم دستیابی، ڈیموں کی کمی اورژوب ڈیرہ اسماعیل اور ژوب کوئٹہ شاہراہوں پر کام نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بات انہوں نے شمالی اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی،جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے شمالی، مشرق، مغرب اور جنوب میں ہر طرف پسماندگی ہے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ شمالی بلوچستان میں بجلی اور پانی کے بحران کی وجہ سے زراعت سمیت روزمرہ زندگی کے کام شدید متاثرہیں بجلی لوڈشیدنگ، وولٹیج کی کمی،ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے زراعت مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
جسکی وجہ سے لاکھوں لوگ کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ژوب کوئٹہ شاہراہ کوچار رویہ کرنے کے منصوبے کے افتتاح کیا تھا تاہم اس منصوبے پر کام شروع نہیں کیا جارہا جبکہ ژوب ڈیرہ اسماعیل خان شاہراہ جو بلوچستان کو پنجاب اور خیبر پختونخواء سے ملاتی ہے اور اہم تجارتی روٹ ہے اس پر بھی کام تاخیر کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ شمالی علاقوں کو بھی یکساں ترقی دینے اور منصوبے بنانے کی ضرورت ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ بلوچستان کی یکساں ترقی کیلئے فوری اقدامات اٹھائے اور یہاں بنیادی سہولیات مہیا کرے۔