کوئٹہ: پشتونخواوطن کی زراعت کی بدترین تباہی و بربادی کے بعد اب یہاں کی معدنیات اور قدرتی ذخائر سے منسلک لوگ مشکلات اور مصائب کا شکارہیں جب تک ہمیں اپنے وطن میں مارکیٹ میسر نہ ہوگی تو ہمیں انہی بربادیوں کا سامنا کرنا پڑے گا پاکستان پانچ قوموں کی مشترکہ فیڈریشن ہے اور اس میں اللہ تعالیٰ نے پشتون‘ بلوچ‘ سندھی‘ سرائیکی اور پنجابی کے تاریخی وطنوں میں مختلف قسم کی معدنیات پیدا کی ہیں۔
لیکن جب تک قومی برابری انصاف اور تمام قوموں کے قدرتی وسائل پر ان کے بچوں کا واک و اختیار نہیں ہوگا تب تک ملک بحرانوں کا شکار رہے گا معدنیات کی جہاں پیداوار ہے وہاں پر ان کے مارکیٹس اور منڈیاں لگائی جائیں اور کوئلے کے ذخائر کے لئے پاور اسٹیشنز پشتونخوا وطن میں تعمیر کئے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اور پشتون قومی جرگہ کے کنوینئر نواب محمد ایاز جوگیزئی نے کول سپلائرز ایسوسی ایشن کے ملک گیر اجلاس سے فیصل آباد میں خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن میں کوئلہ کے ذریعے ذرائع انرجی کی پیداوار کی سہولیات میسر کی جائیں پاور پلانٹس لگائے جائیں اور اسپورٹ کرنے کے لئے وہاں پر ہی اجازت دی جائے۔
اور مارکیٹ و منڈی وہاں پر ہو جہاں سے یہ ذخائر نکلتے ہیں تو اس سے ہمارے وطن کے لاکھوں لوگ برسرروزگار ہونگے اور انہیں ہزاروں میل دور ٹرکوں کے ذریعے کوئلہ پہنچاتے ہوئے بھتہ خوروں اور ٹیکس چوروں سے نجات مل سکے گی اور کوئلہ کی صنعت ترقی کرے گی جس سے پشتونخوا وطن میں گزشتہ 10 سالوں کی بدترین خشک سالی دہشت گردی انتہاء پسندی بے روزگاری کی وجہ سے لوگوں کی تباہ معاشی صورتحال کا ازالہ ممکن ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوئلہ کی صنعت سے منسلک کول مائنز اونرز اور ورکرز مزدوروں کانکنوں اور تمام لوگوں کی مشکلات اور پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے حکومت فوری اقدامات اٹھائے اور انہیں سہولیات میسر کی جائیں اس موقع پر ایم این اے مولانا صلاح الدین‘ حاجی اسماعیل دمڑ‘ محمد دین سنزرخیل‘ خالق داد وطن پال‘ سردارزادہ محمد ناصر‘ مسلم لیگ (ن) کے میاں عرفان اور صابرخان نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے پشتونخواوطن سے فیصل آباد آئے ہوئے پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی تمام سیاسی اور نجی مصروفیات سے وقت نکال کر ہمارے پاس آئے ہماری آواز سنی ہماری مشکلات کو بڑے اچھے انداز سے پیش کیا جس پر تمام کول سپلائرز ایسوسی ایشن کے اراکین ان کے مشکور ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ہماری آواز منصب اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں گے۔