|

وقتِ اشاعت :   November 16 – 2020

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری، بی این پی کوہلو کے ضلعی صدر ملک گامن خان مری، جنرل سیکرٹری میر فاروق مری اور ضلعی سینئر نائب صدر نوریز بلوچ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں گزشتہ دنوں کوہلو کے علاقے بوہڑی میں شادی کے تقریب کے موقعے پر گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں بچوں کی شہادت اور بچوں کی جھلس کر شدید زخمی ہونے والے دلخراش سانحے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریڑھی میں گیس سلنڈر پھٹنے کے ناخوشگوار حادثہ میں 7بچے شہید اور25سے زائد نہتے اور معصوم بچوں کی جھلس کرشدید زخمی ہوگئے ہیں۔

جو اس وقت بھی ملتان کے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے اس وقت 5کی حالت تشویشناک ہے انہوں نے کہا کہ بی این پی دکھ کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہے، کوہلو جو کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں سے ایک ہے حکومت جاں بحق بچوں کے لواحقین کی مالی مدد کے لئے پیکیج کا عملی اعلان کرے اور ملتان میں زیر علاج بچوں کو مفت علاج و معالجے کی تمام بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انسانی قیمتی جانوں کاکوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا تاہم شہدا کے غریب لواحقین کی مالی تعاون سے ان کے دکھ درد میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے اکابرین، رہنما اور کارکن نہ صرف ہر مشکل گھڑی میں عوام کے درمیان انکے غم و خوشی اور مشکلات و مصائب کو دور کرنے اجاگر کرکے ارباب اختیار کے توجہ مبذول کرانے کیلئے ہمہ وقت آواز بلند کرتے ہوئے جدوجہد میں مصروف عمل ہیں اور اپنے عوام کو کسی بھی مشکل و مصائب تکلیف کی صورت میں تن و تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

بلکہ متاثرین کی ہر مدد کے لئے صف اول کا کردار ادا کرینگے۔ اج بھی بی این پی کوہلو کے متاثرہ غریب اور پسماندہ علاقے کی عوام کے ساتھ کھڑے ہے بلکہ ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی حادثے میں جھلس کر شہید ہونے والوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائیں۔(آمین)