کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں کی گرفتاری اور پی ڈی ایم کے کارکنوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسوں میں کہی بھی توڑ پھوڑ نہیں ہوئی۔
ملتان میں حکومت کی جانب سے اختیار کیا گیا رویہ انتہائی افسوسناک ہے پی ڈی ایم قائدین نے فیصلہ کیا تو اسلام آباد کا بھی رخ کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ یہ حکومت منتخب نہیں بلکہ سلیکٹڈ ہے جس نے ڈھائی سال کے دوران عوام کو مشکلات اور مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا ڈھائی سالہ مدت میں حکومت کی نالائقی کھل کر سامنے آگئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوری تحریک نے تشکیل سے لیکر اب تک پانچ جلسے کئے لیکن اب تک کہی بھی توڑ پھوڑ نہیں ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ ملتان میں حکومت کی جانب سے عوام کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء و سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں کی گرفتاری اور کارکنوں پر تشد د قابل مذمت اقدام ہے انہوں نے کہا کہ لگتا ہے سلیکٹڈ عزت کے ساتھ جانے والے نہیں پی ڈی ایم قائدین نے فیصلہ کیا تو اسلام آباد کا بھی رخ کیا جائے گا ۔