|

وقتِ اشاعت :   December 20 – 2020

کراچی: بلوچ سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کراچی زون کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز بی ایس اے سی کا نام استعمال کرتے ہوئے تنظیم سے فارغ شدہ ارکان نے ایک پروگرام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے تنظیم کا کسی قسم کا تعلق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ لابی تنظیمی لیڈرشپ کے خلاف ہرزہ سرائی۔

بے بنیاد الزام تراشی، تنظیم کیخلاف پراپیگنڈہ، انتشار اور تنظیم کو توڑنے جیسے عمل کا مرتکب ہونے کی بناء پر تنظیم سے فارغ کر دیے گئے تھے۔ اس دھڑے کی جانب سے قائم شدہ زون غیر آئینی اور تنظیم سے اِن کا کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے اور اسی طرح مذکورہ گروہ کی جانب سے منعقد شدہ پروگرام سے تنظیم کا کسی بھی قسم کا تعلق نہیں ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچ سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی بلوچ طالبعلموں کی ترجمان تنظیم ہے۔

اور ایسے عناصر کے پروگرام کا ایجنڈہ تنظیم کی فعالی کے بر عکس تنظیم کو توڑنا اور کمزور کرنا ہے لہذا تنظیم کے خلاف سرگرم عمل دھڑے کی جانب سے تنظیم کے نام پر منعقد شدہ پرو گرام غیر آئینی حیثیت رکھتے ہیں۔ اِس بیان کے توسط سے ہم برملا اعلان کرتے ہیں کہ مذکورہ گروہ اور بیس دسمبر کو کراچی میں منعقد پروگرام سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔