تربت: تربت سول سوسائٹی کا اجلاس زیر صدارت کنوینر گلزار دوست منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت میں میڈیکل افسران کی غیر حاضری سمیت مختلف بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کی صورت حال پر غور اور بحث و مباحثہ کے علاوہ تربت سمیت ضلع کیچ میں دو نمبر ادویات کی خرید و فروخت پر تشویش ظاہر کی گئی۔
اجلاس میں اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ میڈیکل افسران کمپنیوں کی ادویات فروخت کرنے کے لیے مریضوں کو بعض اوقات ایک بیماری کی مختلف میڈیسن لکھ دیتے ہیں اس کے علاوہ ڈرگ کمپنیوں کے ساتھ بعض میڈیکل افسران کے مراسم ہیں جو ان کے ادویات کی فروخت کے عوض ان سے مراعات حاصل کرتے ہیں۔
اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ ضلع کیچ میں بیشتر میڈیکل اسٹور میں دونمبر ادویات کی شکایات مل رہی ہیں جو تشویشناک ہے۔ اجلاس میں ان مسائل کی روک تھام کے لیے ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو ڈی ایچ او، ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال اور ڈرگ انسپکٹر سے ملاقات کر کے ان معاملات پر بات چیت کرے گی۔