|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ مردان میں 23دسمبر کو حکومت کے خلاف ریلی سنگ میل ثابت ہو گی حکمرانوں کو اب ہر حال میں جانا ہوگا غریبوں کے گھر گرا کر سلیکٹڈ نے اپنا ناجائزگھر بچالیا سلیکٹڈ وزیراعظم نے ریاست مدینہ کا نام اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا ہے۔

قوم کے ساتھ کٹھ پتلی نے جو وعدے کیے اس کے اقدامات ان کے برعکس ہیں ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرکے ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ لوگوں سے روزگار چھینا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد روانگی سے قبل اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود اور پارٹی کے اراکین اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔مولانا عبدالواسع نے کہاکہ آج جمعیت علما اسلام کا ایک اہم اجلاس ہوگا ۔

جس میں استعفوںضمنی انتخابات اور دیگر امور پر طویل اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا مولانا عبدالواسع نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم اپنے آپ کو بچانے کیلئے این آر او کا سہارا لے کر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں اب سلیکٹڈ وزیراعظم کو موقع نہیں ملے گا اور نہ ہی ان کے ساتھ مذاکرات کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے اسلام آباد میں ہزاروں لوگوں کے گھر اور کاروباری تعمیرات مسمار کررہے ہیں اپنے گھر کے باری آئی تو تمام قانون اور رابطے توڑ دئیے گئے انہوں نے کہاکہ قلعہ سیف اللہلورالائی میں کوئی بھی ٹیکس نافذ کرنے کے لئے تیار نہیں ہے اگر حکومت نے قبائلی اضلاع میں ٹیکس لاگوں کرنے کی کوشش کی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔

جمعیت علما اسلام اس ٹیکس نافذ کرنے کے خلاف ہے اور اگر حکومت نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی نہیں کی تو سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے اور صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔