نصیر آباد: صوبائی مشیر محنت افرادی قوت حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کے وسیع تر مفادات میں اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کی زندگی مزید سہل بنائی جا سکے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان بھر کے تمام اضلاع میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے حکومتی ثمرات عوام کی دہلیز تک پہنچ رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت پر عوام کا اعتماد مزید بڑھ چکا ہے اور وہ موجودہ صوبائی حکومت کی کارکردگی سے بہتر انداز سے مطمئن ہیں ان خیالات ان کا اظہار انہوں نے نصیرآبادگوٹھ عبدالرحیم مینگل میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مختلف اقوام کے نمائندوں نے میراشرف مینگل کی قیادت میں صوبائی مشیر حاجی محمد خان لہڑی اور سابق صوبائی وزیر بلوچستان عوامی پارٹی کے نائب صدر میرعبدالغفورلہڑی کی حمایت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے سابق صوبائی وزیر میرعبدالغفور لہڑی میر محمد اشرف مینگل میر عبد الباسط مینگل میر عبدالرحمان لہڑی رئیس محمد حیات میروانی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا صوبائی مشیر محنت افرادی قوت حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ ہماری کارکردگی عوام کے سامنے شفاف آئینے کی مانند ہے ہم نے عوام کے لئے عملی طور پر اقدامات کیے ہیں ۔
سابقہ حکمرانوں کی طرح ہم صرف اخباری بیانات تک محدود نہیں ہماری کارکردگی لوگوں کو زمین پر نظر آئے گی ہم نے ہر دور اقتدار میں عوام کی بے لوث خدمت پر ہی یقین رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے میرٹ کی بنیاد پر بے روزگاری کے خاتمے کے لئے عوام میں سرکاری ملازمتیں فراہم کی ہم عوام کو کبھی بھی مایوس نہیں کریں گے اور حلقے کی عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکیمات دے رہے ہیں تاکہ لوگ ان حکومت کے اقدامات سے استفادہ حاصل کرسکیں۔