|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2020

اسلام آباد: سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے کہاہے کہ نوول کروناوائرس کی عالمی وبا کے باعث معاشی اور صحت کے مسائل کے باوجود چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) کے منصوبوں میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔

سی پیک منصوبوں کے شاندار پاکستانی عملہ کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے باجوہ نے کہاکہ دنیا بھر میں نوول کروناوائرس کے باعث شدید دھچکا کے باوجود پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد سی پیک کو دوسرے مرحلے میں شیڈول کے مطابق توسیع دی جارہی ہے ۔

جس میں معاشی استحکام اور پاکستانی عوام کی فلاح یقینی بنائی جائے گی۔پاکستان میں چینی سفارتخانے کی جانب سے منعقدہ تقریب کے دوران پن بجلی کے منصوبوں، اورنج لائن میٹرو ٹرین اور گوادر بندرگاہ سمیت سی پیک کے تحت توانائی اور ڈھانچے کے مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے عملے کے کل18ارکان نے نمایاں کارکردگی پر ایوارڈ وصول کیا۔

باجوہ نے کہاکہ منصوبوں پر بروقت عمل درآمد دونوں ممالک کے مابین با اعتماد دوستی کا ایک مظہر تھا حا لانکہ وبائی مرض بھی سی پیک کی پیشرفت متاثر نہیں کرسکا۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ منصوبہ گیم چینجر ہے کیونکہ یہ ملک میں روزگار،خوشحالی سماجی و معاشی ترقی لایا ہے۔

چیئرمین نے کہاکہ آنے والے دنوں میں پاکستانی عوام سی پیک کی وجہ سے سب سے بڑے فوائد دیکھیں گے جن میں بڑے پیمانے پر مقامی ملازمتیں، ٹیکنالوجی اور خاص طور پر سائنس وٹیکنالوجی، صنعت اور زراعت کے نئے شعبوں میں تبدیلی دیکھیں گے۔پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے کہاکہ سی پیک نے عظیم کامیابی حاصل کی ہے۔

اور دونوں ممالک کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں،کاروباری اداروں اور حکومتوں کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان کی ترقی اور علاقائی رابطوں میں شاندار کردار ادا کیاہے۔

سفیر نے کہاکہ دونوں فریقین نے نوول کروناوائرس کی مشکلات پر قابو پالیا ہے اورمربوط انداز میں تعاون کے نئے راستے اپنائے ہیں ۔جاری سال میں سی پیک منصوبوں کی کسی قسم کی تعمیر نہیں روکی گئی۔

کسی ملازمت میں کمی نہیں کی گئی اور مزدوروں کو نہیں نکالا گیا۔انہوں نے کہاکہ اگلے مرحلے میں ہم صنعتی تعاون،زراعت اور سماجی و اقتصادی ترقی پر توجہ دیں گے تاکہ سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی اعلی معیار کی ترقی کیلئے مظاہرہ کرنے کے منصوبہ میں فروغ دیاجاسکے۔