|

وقتِ اشاعت :   December 25 – 2020

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی20پشین کے ضمنی انتخابات میں پشتونخواملی عوامی پارٹی جمعیت علما اسلام کے امیدوار کو سپورٹ کرے گی، سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ پی ڈی ایم کے سربراہ اجلاس میں ہوگا، پی ڈی ایم کے مرکزی قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ ہمارے لئے قابل قبول ہوگا۔

سلیکٹڈ حکمرانوں کی تمام تر کوششوں کے باوجود ملک بھر میں پی ڈی ایم کے کامیاب جلسے منعقد ہوئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ عثمان کاکڑ نے کہاکہ 16فروری کو حلقہ پی بی 20پشین میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں ۔

پشتونخواملی عوامی پارٹی نے جمعیت علما اسلام کے امیدوار کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ مذکورہ حلقے سے کا میاب ہو نے والے جمعیت علما اسلام کے منتخب رکن صو با ئی اسمبلی سید فضل آغا کورونا کے باعث انتقال کر گئے تھے اس لئے اب ضمنی انتخابات میں جمعیت علما اسلام کی جانب سے جو بھی امیدوارنا مز د کیا جا ئے گا پشتونخوا میپ اسے سپورٹ کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف مضبوط سیاسی قوت ہے جس کے تمام فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم قائدین کے ہر فیصلے پر کا رکنوں نے لبیک کہا ہے پی ڈی ایم کے26نکات اعلامیہ پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں اور جلسے جلوسوں کے حوالے سے پی ڈی ایم کے مرکزی قیادت نے جو بھی فیصلے کیے اس میں ہم نے کامیابی حاصل کی ۔

سلیکٹڈ حکمرانوں نے پی ڈی ایم کے جلسوں کو ناکام بنانے کے لئے تھرٹ الرٹس جاری کئے اور سیاسی کارکنوں کے خلاف مقدمات بنائے گئے مگر اس کے باوجود پی ڈی ایم کے تمام جلسے کامیاب رہے ۔

انہوں نے کہاکہ31دسمبر تک ہر پارٹی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین اپنے استعفے پارٹی کے صدور کے پاس جمع کرائیں گے جس کے بعد لانگ مارچ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ہمارے لئے قابل قبول ہوگا۔