کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے کہاہے کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ سیاسی کارکنان پارٹی کے پیغام کو موثر انداز میں عوام تک پہنچاسکتے ہیں ،گوادر سے بلوچستان کی اہمیت میں اضافے کے ساتھ ہمیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر درپیش مسائل ومشکلات کے حل کیلئے ہرپلیٹ فارم پر مضبوط آواز بلند کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
محمدغضنفر کھیتران جیسے سماجی کارکن اور نوجوان صحافی پرنٹ ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر بھرپورانداز میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے پیغام کو بلوچستان کی عوام تک پہنچانے کیلئے موثر کرداراداکرسکتاہے ۔ان خیالات کااظہار بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ، مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے معروف سماجی کارکن اور صحافی محمد غضنفر کھیتران بلوچ کی بی این پی میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
گزشتہ روز معروف سماجی کارکن اور صحافی محمد غضنفر کھیتران نے بی این پی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی رہنماء موسیٰ بلوچ اورغلام نبی مری سے ملاقات کی انہوں نے سرداراخترجان مینگل کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہوئے ۔
پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔ اس موقع پر بی این پی کوئٹہ کے سینئر نائب صدر ملک محی الدین لہڑی ،ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمدلقمان کاکڑ،لیبرسیکرٹری ڈاکٹرعلی احمدقمبرانی ،بی این پی لسبیلہ کے رہنماء کلیم اللہ کاکڑ،محمدادریس پرکانی اور محمد زرعفران مینگل بھی موجود تھے ۔
مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ، مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے محمدغضنفر کھیتران کی پارٹی میں شمولیت پرمبارکباد پیش کی اورکہاکہ محمدغضنفر کھیتران ایک نوجوان صحافی اور سرگرم سماجی کارکن بھی ہے ایسے لوگوں کی بی این پی میں شمولیت سے پارٹی مضبوط اور فعال ہوگی بلکہ سرگرم سیاسی کارکن کی حیثیت سے وہ بی این پی کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کوبروئے کار لاتے ہوئے پارٹی کیلئے توانا آواز بنیںگے ۔
جدید دور کے تقاضوں سے آشنا سرگرم کارکن کسی بھی پارٹی میں اہم کردارادا کررہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ بلوچستان نیشنل پارٹی صوبے اور بلوچ قوم کے قومی حقوق، ساحل وسائل اور جملہ مسائل کے حل کیلئے بلوچ قوم کی ترجمان جماعت کی حیثیت سے اپنا کرداراداکررہی ہے ،سوشل میڈیا سمیت ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ سیاسی کارکن موثر انداز میں پارٹی موقف کو لوگوں تک پہنچاسکتے ہیں۔
بی این پی صوبے کی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت اور ساحل وسائل ،قومی حقوق ،واک واختیار کیلئے غیر جمہوری قوتوں کے خلاف برسرپیکار ہے اور ایک عرصے سے بی این پی کے قائدین اور کارکن اپنے مشن کیلئے قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں۔