کوئٹہ: ایم اے ،ایم ایس سی کے امتحانات کے لئے رول نمبر سلپ جاری نہ ہونے پر طلباء تنظیموں نے سریاب روڈ احتجاجاً بند کردی انتظامیہ نے طلباء پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے طلباء تنظیموں کے رہنمائوں سمیت متعدد طلباء کو گرفتار کر لیا ہے تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ایم اے ،ایم ایس سی کے رول نمبر سلپس جاری نہ ہونے پر طلباء تنظیموں،بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ،پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن اور بی ایس او (پجار) سمیت سینکڑوں طلباء نے سریاب روڈ احتجاج بند کر دی۔
اور مطالبہ کیا کہ فیس جمع کرانے والے طلباء وطالبات کو پیپر دینے کیلئے رول نمبر سلپس جاری کئے جائیگی ضلعی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر احتجاجی طلباء رہنمائوں اور طلباء پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے بی ایس او کے جنرل سیکرٹری منیر جالب بلوچ سمیت متعدد طلباء کو گرفتار کر لیا اور انہیں تھانے منتقل کر دیا طلباء کا کہنا تھا کہ ایم اے کے امتحانات کا آخری چانس ہے ۔
بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے طلباء وطالبات علم کی پیاس بجانے کیلئے پرائیویٹ امتحانات دیکر علم حاصل کرتے ہیں لیکن بد قسمتی سے نااہل انتظامیہ طلباء وطالبات کو جان بوجھ کر تعلیم سے دور رکھنے کی کوشش کررہے ہیں طلباء تنظیمیں ایسے کسی بھی ہتھکندے کو کامیاب نہیں ہونے دے گی انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے طلباء پر لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہیں۔
اور تمام گرفتار طلباء وطالبات کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیس جمع کرانے والے تمام طلباء کو جو سینکڑوں میل فاصلہ طے کر کے کوئٹہ آئے ہیں ان رول نمبر سلپ جاری کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کو مزید وسعت دی جائیگی۔