|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2020

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہاہے کہ تبدیلی ڈرامہ پوری طرح فلاپ ہو چکا بلکہ عوام نے خوشنما نعرے لگا نے والوں کو بھی اچھی طرح پہچان لیا ہے 2جنوری کو پی ڈی ایم کے سربراہ اجلاس میں ضمنی،سینیٹ انتخابات اور لانگ مارچ سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے جو بھی فیصلہ پی ڈی ایم کے سربراہ اجلاس میں ہوگا۔

وہ ہمیں قابل قبول ہو گا ،جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم کے کارکن13جنوری کو لورالائی میں ہونے والے جلسے کے لئے تیاریا ں تیز کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر قبائلی عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ ایسے تو سلیکٹڈ حکمرانوں نے عوام کے ساتھ روزگار فراہم کرنے کے وعدے کئے تھے لیکن اب عوام سے ان کا روزگار چھینا جا رہا ہے۔

جس کی ہم مذمت کرتے ہیں عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کے دعویدار حکمران آج مختلف حیلے بہا نوں سے لوگوں کو بے روزگار کر رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈحکمران اخلاقی طو ر پر حکومت کر نے کا جوازکھوچکے ہیں۔

ان کو چاہئے کہ وہ استعفے دیکر گھروں کو چلے جائیں اگر ایسا نہ کیاگیا تو جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرکے ان کو گھر بھیج دیں گی۔

انہوں نے کہاکہ2جنوری کو پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس ہورہاہے جس میں سینیٹ اور ضمنی انتخابات میںحصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ کیا جا ئے گا ، پی ڈی ایم کے قائدین جو بھی فیصلہ کریںگے وہ ہمیں قابل قبول ہو گا ۔