کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم تحریک ملک میں مثبت تبدیلی ، آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی 13جنوری کو لورالائی میں پی ڈی ایم کے احتجاجی جلسے میں مسلم لیگ(ن) بھر پور انداز میں شرکت کر کے ۔
پاور شور کریگی ، احتجا ج کی تیاریوں کے حوالے سے مسلم لیگ(ن) ژوب ڈویژن کے تمام ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز کا اجلاس 3جنوری کو کوئٹہ میں طلب کرلیا ہے، یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہی،جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر 13جنوری کو لورالائی میں عظیم الشان احتجاجی جلسہ کریں گے۔
جس میں مسلم لیگ(ن) ژوب ڈویژن کے تمام کارکنان بھر پور انداز میں شرکت کرکے پاور شوکریں گے انہوں نے کہا کہ احتجاجی جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ژوب ڈویژن کے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی ،دکی، بارکھان، قلعہ سیف اللہ کے ضلعی صدور اور جنرل سیکرٹریز کا اجلاس 3جنوری کو کوئٹہ میں طلب کرلیا ہے جس میں جلسے کو کامیاب بنانے کی حکمت عملی مرتب کی جائیگی ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) عوام کی آواز ہیں آج ملک کے عوام مسلم لیگ(ن ) میں اپنا مستقبل تلاش کر رہے ہیں ہم نے 2018 سے آج تک عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کرنے کا بیڑھ اٹھایا ہے اور عوام کو حکومت کی طرح مایوس نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کی عوام مسلم لیگ(ن) سے پیار کرتے ہیں۔
انہیں معلوم ہے کہ مسلم لیگ(ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے عوام کو انکے حقوق اور بنیادی سہولیات دہلیز پر مہیا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک ملک میں مثبت تبدیلی ، آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی عوام اس تحریک کو بھر پور انداز میں کامیاب بنائیں ۔