کراچی: نیشنل پارٹی جمہوریت کی بحالی، آئین وپارلیمنٹ کی بالادستی اورعوام کے حق حکمرانی کے لیئے جدوجہد کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر، سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کراچی میں نیشنل پارٹی سندھ کے عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدرمخدوم ایوب قریشی۔
سندھ وحدت کے جنرل سیکریٹری مجیدساجدی، نائب صدر ملک توصیف احمد، لالامحمدحسین، ذوالفقارعلی مکھی، شکیل سلاوٹ، غلام نبی، عبدالحمیدمحمدحسنی اور دیگر رہنماؤں وکارکنوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ پاکستان ڑیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) جمہوری اداروں کی بحالی، آئین وقانون کی حکمرانی اورپارلیمنٹ کی بالادستی کے لیئے ملک بھرمیں عوام کومنظم اور متحرک کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں جولوگ حکمرانی کررہے ہیں وہ مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں اور اس بات کااعتراف حکمران ٹولہ خودبھی کررہا ہے آج ملک میں قانون کی حکمرانی نام کی کوئی چیز موجود نہیں ملکی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے جبکہ حزب اخلاف کے رہنمائوں کو سیاسی انتقام کی بھینٹ چڑہا کر انکے خلاف جوٹھے اور بے بنیاد مقدمات بنائے جارہے ہیں یہ صورت حال سراسر عدل وانصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔
ڈاکٹرمالک بلوچ بے کہا اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد قائم کرنے کے لیئے نیشنل پارٹی کے رہبر میرحاصل خان بزنجو نے بڑی محنت اور جدوجہد کی ہے پی ڈی ایم کی شکل میں حزب اخلاف کی جماعتوں کااتحاد انہی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت قومی و حدتوں کی سرزمین اور انکے و سائل پر وفاق کا قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کرے گی، سندھ اوربلوچستان کے جزائر اور ساحلی علاقے سندھیوں اور بلوچوں کی ملکیت ہیں۔
ہم اپنی ملکیت سے کسی قیمت پردست بردار نہیں ہوں گے،نیشنل پارٹی کے صدر نے کہا کہ گوادر میں باڑ لگانے کے مسلے پر ہماری جماعت نے پورے ملک میں رائے عامہ کو متحرک کیا ہے اس سلسلے میں ہمارا موقف واضع اور دوٹوک ہے ہم کبھی بھی گوادر میں باڑ لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ڈاکٹرمالک بلوچ نے نیشنل پارٹی سندھ کے عہدداروں اورکارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ کے اضلاع میں ممبرسازی اورتنظیم سازی کے کام کو تیز کریں۔ اجلاس میں پاکستان ورکرز پارٹی کے بزرگ رہنما اور محروف کسان لیڈر ملک محمد علی بھارا کے انتقال پردکھ کا اظہار کرتے ہوئے انکی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔