کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ 2021بلوچستان میں سرمایہ کاری کا سال ہوگا،2020 میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے کئی اہم اہداف حاصل کئے ہیں، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈنے ایک سال میں ترقی کی کئی منازل طے کی ہیں، جن میں صوبے کی پہلی سرمایہ کاری پالیسی کی تشکیل۔
کاروبار کوآسان بنانے کیلئے سیل (Ease of Diong Business Cell)کا قیام، اسلام آباد اور کراچی میں رابطہ دفاتر کا قیام، حب اور بوستان میں خصوصی اقتصادی زونز کی منظوری، بلوچستان سرمایہ کاری گائیڈ کا اجراء قابل ذکر ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری گائیڈ کوبین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی اور30ممالک کے سفارتی مشنزکو ارسال کیا گیا اسکا ترکی اور چینی زبانوں میں ترجمہ بھی کیاگیا۔
وزارت خارجہ کی جانب سیاس پر تعریفی مراسلہ بھی لکھا گیا، اسکے علاوہ فروری میں کراچی میں بلوچستان کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ سیاحت کے اشتراک سے کانفرنس منعقد کی گئی، ترکی، کویت، یورپی یونین، چین، جرمنی، سعودی عرب سمیت دوست ممالک کے سفارتکاروں اور بزنس کمیونٹی کے افراد سے ملاقاتیں کر کے انہیں بلوچستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی۔
جس کے بہت مثبت اثرات مرتب ہوئے، اسکے علاوہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں کیلئے ویب نارز کا اہتمام کیا گیا جو انتہائی کامیاب رہے، ان ممالک میں سعودی عرب، ترکی، امریکہ، آسٹریلیا،جنوبی افریقہ اور دیگر شامل ہیں، ان ویب نارز کے باعث بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کاربلوچستان کی جانب راغب ہوئے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی جن کی پیشکشوں پر پیشرفت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جام کمال خان عالیانی کی قیادت میں ایک سال کے قلیل عرصے میں ہم نے ترقی کا سفر طے کر لیا ہے،بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کو فعال اور منظم بنا کر پہلی مرتبہ سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے جس کے ذریعے وہ بلوچستان میں اپنے کاروبار کو وسعت دے سکتے ہیں، ان اقدامات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور وہ بلوچستان کا رخ کر رہے ہیں۔