|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2021

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی شریف خان خلجی نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے اسے انتہائی ظالمانہ اقدام قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام پہلے ہی غربت اور مہنگائی کے دلدل میں دھنس چکے ہیں اور اس غیر منصفانہ اقدام سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا حکومت مہنگائی اور مافیا کو کنٹرول کرنے میں مکمل نا کام ہو چکی ہے۔

جبکہ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں کوئی بھی چیز سرکاری ریٹ پر دستیاد نہیں اور دکاندار من مانے قیمتوں پر چیزیں فروخت کررہے ہیں ضلعی انتظامیہ اور حکومتی نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں سبزیوں، دالوں، آٹے، چینی کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔سرکاری نرخوں پر صرف وہ اشیا دستیاب ہیں جو انتہائی ناقص کوالٹی کی ہیں بلکہ استعمال کے قابل ہی نہیں ہیں۔

ملک میں بے روزگاری کا طوفان ہے لوگوں کی آمدن میں واضع کمی اور اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومت کے پاس عوام کو ریلیف دینے کیلئے کوئی پالیسی نہیں جبکہ آئے روز پٹرولیم،بجلی و گیس،ادویات اور اشیائے خورد و نوش کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن بنائی جا رہی ہے غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

چولہوں سے سوئی گیس تو پہلے ہی غائب تھی اب ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے نے غریب کا بجٹ تباہ کر دیا ہے۔ بجلی، گیس اور پانی کے بلوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ ہر گھر میں بے روزگار افراد موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اضافے سے صنعتی و تجارتی شعبے اور دیگر صارفین کو شدید دھچکا لگے گا جو پہلے ہی بحران در بحران کی وجہ سے بری طرح پریشان ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مصنوعات کی نقل و حمل کے اخراجات بھی بڑھ جائیں گے۔ انھوں نے حکومت کے اس فیصلے کو عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مہنگائی کا طوفان آئیگا۔

انھوں نے اضافہ کو گرتی ہوئی معیشت پر کاری ضرب قرار دیا اور کہا کہ ملک کی موجودہ اقتصادی، معاشی اور کاروباری حالات کسی طور بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے متحمل نہیں لہذا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔