|

وقتِ اشاعت :   January 8 – 2021

کوئٹہ: وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ و زیراعظم جلد کوئٹہ آئیں گے مغربی بائی پاس دھرنے کے شرکاء کے تمام مطالبات تسلیم کر لئے ہیں مسئلہ جلد حل ہوجائیگا،دشمن ہمسایہ ملک صوبے میں حالات خراب کرنے میں ملوث ہے، مچھ واقعہ کے سات شہداء افغانی ہیں جن میں سے تین کے لواحقین نے میتیں افغانستان منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔

یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ سانحہ مچھ بہت دلخراش واقعہ ہے ہم جس خطے میں رہتے ہیں وہاں دشمن ہمسایہ ملک نے پہلے بھی ایسے واقعات گاہے بگاہے کرنے کی کوششیں کی ہیںہم لواحقین کے غم میں انکے ساتھ شریک ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جلد کوئٹہ آئیں گے وفاقی وزیر علی زیدی اور معاون خصوصی زلفی بخاری کوئٹہ آئے ہیں۔

دھرنے کے شرکاء اور لواحقین سے مذاکرات کامیابی کی جانب جارہے ہیں حکومت نے مظاہرین کے تما م مطالبات تسلیم کرلئے ہیں مسئلہ جلد حل ہوجائیگا انہوں نے کہا کہ افغان حکومت نے پاکستان کو دو مراسلے بھیجے ہیں جس میں لکھا گیا ہے کہ سانحہ مچھ میں جاں بحق ہونے والے سات افغان شہری جن میں سے تین کے لواحقین نے لاشیں مانگی ہیں ،صوبائی حکومت تصدیق کر رہی ہے کہ اگر انکے قریبی لواحقین کوئٹہ میں ہیں تومیتوں پر انکا حق ہے۔

اور اگر وہ افغانستان ہیں تو میتوں کو افغانستان بھجوائیں گے انہوں نے کہا کہ تمام سات لوگ کام کی غرض سے پاکستان آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ مچھ واقعہ کے اگلے روز کوئٹہ پہنچا اور لواحقین کے کیمپ میں گیا تھا ۔