|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے گزشتہ روز فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز(ایف پی سی سی آئی) کے نو منتخب صدر نصر حیات مگوسے ملاقات کی۔

اس موقع پر نائب صدر ناصر خان، حنیف لاکھانی اور ایگزیکٹو باڈی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں جانب سے اتفاق کیا گیا کہ چمن بارڈر پربننے والے نئے ٹرمینل سے تجارت کو فروغ حاصل ہوگا، اس موقع پر ایران بارڈر پر بننے والے نئے ٹرمینل پر ہونیوالی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی گفتگوکی گئی۔

فرمان زرکون نے ایف پی سی سی آئی کے عہدیدراوں کو آگاہ کیا کہ حکومت بلوچستان سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے ذریعے انہیں ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں، ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف پی سی سی آئی کی نو منتخب کابینہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند سرمایہ کاروں کے ہمراہ کوئٹہ، لسبیلہ اور گوادر کا دورہ کریگی۔