کوئٹہ: قبائلی رہنمانوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب کابینہ میڈیا پر عائد پابندیوں کو خاطر میں لائے بغیر عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ ،مسائل کے حل کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں نوابزادہ میر رئیس رئیسانی نے مزید کہا کہ بی یو جے کی نومنتخب کابینہ ایک ایسے وقت میں منتخب ہوئی ہے۔
جب ملک میں آزادی اظہار رائے پر اعلانیہ اور غیر اعلانیہ پابندی عائد ملکی میڈیا میں بلوچستان کے اجتماعی نوعیت کے مسائل کو نظر انداز کیا جارہا ہے اور بے جا پابندیوں سے صوبے میں مقامی میڈیا اپنی زیست ومرگ کی جنگ لڑرہی ہے ۔
میڈیا ہاسز سے صحافیوں کو جبرا برطرف کیا جارہا ہے، صوبے میں شہریوں کے انسانی حقوق غصب کرکے انہیں ان کے آئینی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بی یوجے کے نومنتخب صدر سلمان اشرف، جنرل سیکرٹری فتح شاکر اور دیگر عہدیداروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ بلوچستان کے عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دیں گے ۔