|

وقتِ اشاعت :   February 3 – 2021

کراچی: پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں آج (بدھ) سے انسداد کورونا وائرس کی ملک گیر مہم کا آغاز ہوجائے گا پہلے مرحلے میں بلوچستان کو دس ہزار ویکسینیشن فراہم کی جارہی ہیں کوئٹہ میں اس مہم کا افتتاح وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کریں گے یہ بات انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتائی پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں انسداد کورونا ویکسینیشن کے لئے ہیلتھ اسٹاف کو ٹرینڈ کیا گیا ہے اور ہنگامی طور پر کولڈ چین کی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔

پہلے مرحلے میں  کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہیلتھ کئیر اسٹاف سے کیا جائیگا بچوں میں مستحکم قوت مدافعت کے باعث فیصلہ کیا گیا ہے کہ فی الحال بچوں کو یہ ویکسین نہیں کی جائیگی ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ کورونا ویکسین کی جعل سازی ممکن نہیں یہ نجی سطح پر میڈیکل اسٹورز پر دستیاب نہیں ہوگی اس لئے بلیک میں فروخت کا عمل ممکن نہیں ہوگا کورونا ویکسین ایک منظم ڈیٹا سسٹم کے تحت رجسٹریشن پروسس کے ذریعے استفادہ کنندگان تک پہنچے گی۔

اس پورے عمل کو مکمل طور پر شفاف رکھا جائے گا پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی ابتداء سے لیکر ویکسین کی فراہمی تک حکومت بلوچستان نے جس حکمت عملی سے کام کیا اس کی بدولت بلوچستان میں اس موذی وباء سے ہلاکتوں کا تناسب دیگر صوبوں سے نہایت کم  رہا اور صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان کے تمام اسپتال فعال رہے۔

اور کورونا وائرس کے متاثرین کے ساتھ ساتھ معمول کے علاج معالجے کے لئے او پی ڈیز فعال رہیں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران عوامی خدمت کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر اسٹاف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی ان قربانیوں کی بدولت اسپتالوں میں طبی امور فعال رہے ۔

اور جانی نقصانات کے باوجود انسداد کورونا آپریشن سرگرمیاں جاری رہیں اگر کورونا وائرس کی وباء کے پیک ٹائم میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر اسٹاف حوصلہ ہار دیتے تو پورا ہیلتھ کئیر سسٹم بیٹھ جاتا اور عوام مایوسی کے اندھیرے میں چلے جاتے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران تاریخ کے غیر معمولی خوف پر مبنی حالات میں وزیر اعظم،  آرمی چیف وزراء اعلی اور پوری قوم نے جس ہمت و دلیری کا مظاہرہ کیا۔

وہ ایک منظم قوم ہونے کا عملی ثبوت رہا اور ثابت ہوا کہ پاکستانی قوم ایک بہادر و جرات مند قوم ہے جو غیر معمولی حالات میں ہر طرح کے مصائب و مشکلات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین کے بعد کورونا وائرس کے خوف کی فضاء کا خاتمہ ہوجائے گا اور اس وباء کے باعث ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے ہر فرد کو محنت عزم نو و حوصلے و صبر سے تعمیر نو کی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہوگا۔