کوئٹہ : بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں سفاک قاتلوں نے ڈاکٹر کو ذبح کرکے سر تن سے الگ کردیا۔ پولیس کے مطابق پولیس تھانہ سٹی کی حدود میں ساکران روڈ پر حب گارڈن کے قریب جھاڑیوں سے ایک شخص کی لاش ملی جسے تیز دھار آلے سے ذبح کرکے سر تن سے الگ کردیا گیا تھا۔ پولیس نے لاش سول اسپتال حب پہنچائی جہاں اس کی شناخت ڈاکٹر سید قاسم شاہ ولد محبوب شاہ سکنہ الہ آباد ٹاؤن حب کے نام سے ہوئی۔ مقتول حب میں عمران کلینک چلاتا تھا۔ اہلخانہ کے مطابق گزشتہ شب نامعلوم افراد نے کلینک آکر والدہ کی طبیعت خراب ہونے کا کہا ۔ڈاکٹر قاسم شاہ نامعلوم افراد کے ہمراہ مریضہ کو دیکھنے کیلئے ان کے گھر کیلئے نکلے اور واپس نہیں آئے۔ ا س دوران ان کا موبائل فون نمبر بھی بند رہا۔