|

وقتِ اشاعت :   March 13 – 2015

خواتین کے بارے میں تو مشہور ہے کہ وہ اپنی عمر کے بارے میں کافی محتاط ہوتی ہیں اور اصل عمر بتانے سے گریز کرتی ہیں، لیکن بولی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ بھی خود کو کم عمر ہی تصور کرتے ہیں۔ ہندوستان کے مقامی چینل آئی بی این لائیو کے مطابق عامر خان کا کہنا ہے کہ وہ ابھی تک صرف 18 برس کے ہیں۔ اپنی زندگی کے 25 برس ہندی فلموں کو دینے والے 49 سالہ عامر خان اپنی عمر کی گولڈن جوبلی سے محض ایک ہی دن کی دوری پر ہیں۔ ایک تقریب کے موقع پر جب عامر سے سوال کیا گیا کہ ان کی حالیہ فلم ‘پی کی’ کی شاندار کامیابی کے بعد کیا انھیں لگتا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کے عروج پر پہنچ چکے ہیں؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ‘ابھی تو میں صرف 18 سال کا ہوں اور میرے نزدیک ‘عروج’ کا مطلب ہے کہ اب آپ کا زوال ہونے والا ہے، لہذا میرا یہی خیال ہے کہ میں ابھی اپنے کیریئر کی بلندیوں پر نہیں ہوں’۔ عامرخان، بولی وڈ کو ‘قیامت سے قیامت تک، ہم ہیں راہی پیار کے، سرفروش، لگن، رنگ دے بسنتی، فنا، گجنی، تھری ایڈیٹس اور تلاش’ جیسی لازوال فلمیں دے چکے ہیں، جبکہ ‘تارے زمین پر’ میں انھوں نے اداکاری کے ساتھ ساتھ ہدایتکاری کے جوہر بھی دکھائے، جسے بے حد پسند کیا گیا۔ مسٹر پرفیکٹ کے نام سے مشہورعامر خان کی فلم ‘پی کے’ بولی وڈ میں بلاک بسٹر ثابت ہوئی اور اب اطلاعات ہیں کہ عامر فلم ‘دنگل’ میں ایک باکسر کا کردار نبھانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔