|

وقتِ اشاعت :   September 17 – 2021

کوئٹہ: بی این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹرجہانزیب جمالدینی نے ’’روزنامہ آزادی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے بلوچ اور بلوچستان کے خلاف تادیبی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کے واحد سیکشن، کرنٹ افیئرز کے بلوچ سربراہ جان محمد کی ٹرانسفر انہی زیادتیوں کی کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جان محمد بلوچ نے پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر میں صرف چند ہفتوں کے دوران پروگرامز جدید خطوط پر استوار کردیا تھا اور انہی کی کاوشوں سے پی ٹی وی کی اسکرین پر پہلی دفعہ بلوچستان کے مسائل اُجاگر ہونے لگے تھے جو ملک کے مقتدرہ کو بہت ناگوار گزری ہے انہوں نے کہا کہ ملکی مقتدرہ کی پچھلے 73 سالوں میں یہ روش رہی ہے کہ بلوچستان کے مسائل پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے دور رکھے جائیں، جبکہ جان محمد بلوچ نے حکومتی چینل پر آکر ان مسائل کو نہ صرف اُجاگر کیا۔

بلکہ حکمرانوں کے حقیقی چہروں کو بے نقاب کردیا جسکی پاداش میں پی ٹی وی کے اعلیٰ حکام نے اُنہیں سزا کے طور پر کوئٹہ سینٹر سے ٹرانسفر کردیا ہے انہوں نے کہا کہ جان محمد بلوچ کا ٹرانسفر بلوچ دشمنی کا تسلسل ہے۔