اقوام متحدہ (یو این) کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ہے کہ چین ، امریکا نئی سرد جنگ سے بچیں، ویکسینیشن، موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر عالمی چیلنجز سپر پاورز سمیت عالمی برادری میں تعمیری تعلقات کے بغیر حل نہیں ہوسکتے۔
یو این کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے امریکی خبر ایجنسی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ بدقسمتی سے آج ہمارے درمیان محاذ آرائی ہے، ہمیں دونوں طاقتوں کے درمیان تعلقات فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہمیں ہرقیمت پر سرد جنگ سے بچنے کی ضرورت ہے، کیونکہ یہ پہلے سے مختلف، زیادہ خطرناک اور قابو پانے میں زیادہ مشکل ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا برطانیہ کا آسٹریلیا کیساتھ سیکیورٹی معاہدہ اس زیادہ پیچیدہ پزل کا صرف چھوٹا سا ٹکڑا ہے۔
افغانستان کے حوالے سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ افغانستان میں انسانی امداد کی فراہمی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، محدود صلاحیت اور محدود اثر و رسوخ کے باوجود جامع حکومت ،انسانی حقوق کی جانب طالبان کی توجہ مبذول کرا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ واضح طور پر طالبان قیادت میں مختلف گروہوں میں اقتدار کے لیے لڑائی جاری ہے تاہم صورتحال ابھی واضح نہیں ہے۔