|

وقتِ اشاعت :   May 9 – 2015

ڈھاکا: پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے میزبان ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میں 328 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک صفر سے جیت لی۔ میرپور ڈھاکا کے شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی بنگلہ دیشی بیسٹمین پاکستانی باؤلرز کے سامنے وکٹ پرٹہرنے میں ناکام رہے اور 550 رنز کے تعاقب میں صرف 221 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 63 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر دوبارہ شروع کی تو وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مومن الحق 68 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے ۔ آؤٹ ہونے والے بیسٹمینوں میں تمیم اقبال نے 42، محمود اللہ نے 2، شیکب الحسن نے 13، سومیا سرکار نے 1 اورکپتان مشفیق الرحیم نے کوئی رن نہیں بنایا، جبکہ میزبان ٹیم کے شہادت حسین اَن فٹ ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کے لیے نہ آسکے۔ پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے شاندار باؤلنگ کی اور 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عمران خان نے 2 جبکہ حفیظ اور وہاب ریاض نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اظہرعلی کو میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اپنا حصہ ادا کیا اور وہ حوصلہ افزائی کرنے پر ٹیم مینیجمنٹ کے شکر گزار ہیں۔
اظہر علی—۔فوٹو/ اے پی
اظہر علی—۔فوٹو/ اے پی
کپتان مصباح الحق نے فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹاس ہارنے کے بعد بیٹسمینوں نے شاندار بیٹنگ کرکے جیت کی بنیاد ڈالی اور پھر باؤلرز نے بھی جیت کو یقینی بنایا۔ جبکہ بنگلہ دیشی کپتان مشفیق الرحیم کا کہنا تھا کہ انہیں اندازہ تھا کہ پاکستانی ٹیم کم بیک کرسکتی ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک 10 ٹیسٹ کھیلے جا چکے ہیں، جن میں سے پاکستان نے 9 ٹیسٹ میچز جیتے جبکہ 1 ڈرا ہوا۔ یہ پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف 10 ٹیسٹ میچوں میں 9 ویں فتح ہے۔ رنز کے اعتبار سے یہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی سب سے بڑی فتح ہے، اس سے پہلے پاکستان نے آسٹریلیا کو2014 میں 356 رنز سے شکست دی تھی۔