کراچی: گلستان جوہر میں کار پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حیدرآباد سینٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹ اعجاز حیدر جاں بحق ہوگئے۔
گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں نامعلوم نے سرکاری گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں حیدرآباد جیل کے سپرنٹنڈنٹ اعجاز حیدر جاں بحق ہوگئے جب کہ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعے کو گھیرے میں لے لیا۔
ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ کے مطابق حیدرآباد جیل سپرنٹنڈنٹ اعجاز حیدر شاہ اپنی اہلیہ کے ساتھ پہلوان گوٹھ سے خود گاڑی چلاتے ہوئے جارہے تھے جنہیں نامعلوم افراد نے نشانہ بنایا جب کہ انہیں سر اور سینے میں گولیاں ماری گئی جس کے باعث وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی نامعلوم دہشت گردوں نے صفورا گوٹھ کے قریب اسماعیلی برادری کی بس پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 44 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں فائرنگ سے سپرنٹنڈنٹ جیل حیدرآباد جاں بحق
وقتِ اشاعت : May 15 – 2015