پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اور اُن کے کرائے کے ترجمان مریم نواز کے بخار میں مبتلا ہیں۔
فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کے پاس روٹی پکانے کو گیس نہیں لیکن ان سے صرف تقریریں سن لو۔
انہوں نے کہا کہ حکمران کورونا ریلیف فنڈ کے 40 ارب کھا گئے، 400 ارب کی چینی کھا گئے، ان سے سوال پوچھو تو جواب میں شہباز شریف، نوازشریف کہہ دیتے ہیں۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ 15 سال سے عوام ایک ہی تقریر سُن رہے ہیں، تقریر نہیں تو کیسٹ ہی بدل لیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی تباہی جس بات کا بھی پوچھو، جواب نواز شریف شہباز شریف آتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ حکومت سے آٹا، چینی اور قرضہ کمیشن کی رپورٹ مانگو تو جواب نواز شریف، شہباز شریف ملتا ہے۔