بارسلونا: ارجنٹینا اور بارسلونا کے مشہور اسٹرائیکر اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل روما کے خلاف دوستانہ میچ کے دوران آپے سے باہو ہو گئے اور انہوں نے حریف ٹیم کے فٹبالر کو اپنا سر دے مارا۔
ہسپانوی سیزن کے آغاز سے قبل چیمپیئن بارسلونا اور اطالوی ٹیم روما کے درمیان دوستانہ میچ کھیلا گیا لیکن بدھ کو ہونے والے میچ کے پہلے ہاف کے دوران ایک موقع پر میسی اپنا آپا کھو بیٹھے۔
میچ کے پہلے ہاف میں میسی فرانس سے تعلق رکھنے والے روما کے دفاعی کھلاڑی ینگا ایم بیوا سے الجھ پڑے اور انہیں اپنا سر مار دیا اور پھر انہیں گلے سے پکڑ لیا۔
اس سے قبل کہ معاملہ بگڑتا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بیچ میں آ کر معاملہ رفع دفع کرایا۔
میسی اپنے اس فعل پر ریڈ کارڈ سے تو بچ گئے لیکن امپائر نے فوری طور پر واقعے میں ملوث دونوں کھلاڑیوں کو یلو کارڈ دکھا کر وارننگ جاری کردی۔
فٹبال کی دنیا کے موجودہ دور کے بہترین کھلاڑی مانے جانے والے میسی عام طور پر تحمل مزاجی کیلئے مشہور ہیں جہاں حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے متعدد بار غلط ٹیکل اور حملوں کے باوجود وہ خود کو قابو میں رکھتے ہیں۔
اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آج تک بارسلونا میں میسی کو ایک بھی بار ریڈ کارڈ نہیں دکھایا گیا اور انہیں اپنے پورے کیریئر میں صرف ایک بار ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ بھی ان کے ارجنٹینا کیلئے کھیلے گئے پہلے میچ میں جب انہیں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں بھیجا گیا۔
میسی نے بدھ کو کھیلے گئے میچ میں اپنی ٹیم کیلئے گول اسکور کیا لیکن اس واقعے کے بعد دوسرے ہاف کے 60ویں منٹ میں انہیں باہر بلا لیا گیا، اس میچ میں بارسلونا 3-0 سے فاتح رہی۔
بارسلونا ہسپانوی لیگ لا لیگا میں اپنے اعزاز کے دفاع کی مہم کا آغاز 23 اگست سے کرے گی۔یہ کسی کھلاڑی کی جانب سے حریف ٹیم کے کھلاڑی کو ہیڈر مارنے کا پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل اٹلی اور فرانس کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ 2006 کے فائنل میں فرانسیسی اسٹار این الدین زیڈان نے اٹلی کے کھلاڑی کو سینے پر ہیڈر مارا تھا اور انہیں ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا گیا تھا اور اس کے ساتھ ہی ان کے کیریئر کا اختتام بھی ہو گیا تھا۔
میسی نے حریف کھلاڑی کو ‘ہیڈر’ مار دیا
وقتِ اشاعت : August 6 – 2015