اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے دو ارکان قومی اسمبلی سمیت متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے سندھ ہاؤس اسلام آباد پر حملے کے بعد آئی جی اسلام آباد کو ہدایات جاری کی تھیں کہ جو بھی لوگ اس حملے میں ملوث ہیں انہیں گرفتار کیا جائے۔
گرفتار ہونے والوں میں پاکستان تحریک انصاف کے دو ارکان قومی اسمبلی عطا اللہ نیازی اور فہیم خان بھی شامل ہیں۔
آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کے دروازے پر لاتیں مار کر توڑ ڈالا اور احاطے میں داخل ہوگئے۔
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عطا اللہ نیازی اور فہیم خان بھی کارکنان کے ساتھ موجود تھے۔ ان دونوں ارکان قومی اسمبلی کا تعلق کراچی سے ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے 24 کےقریب ارکان قومی اسمبلی سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں کیوں کہ وہ پارلیمنٹ لاجز میں خود کو محفوظ نہیں سمجھتے اور وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ضمیر کے مطابق ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔
گزشتہ روز بھی فواد چوہدری نے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں کارروائی کا عندیہ دیا تھا تاہم پیپلز پارٹی کی جانب سے اس پر شدید ردعمل ظاہر کیا گیا تھا۔