|

وقتِ اشاعت :   December 3 – 2015

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ مجھے سیکیورٹی کے خطرات کی کوئی پرواہ نہیں ہے جبکہ دھمکیاں دینے والے جان لیں کہ میں پٹھان ہوں اور کسی دھمکی سے ڈرنے والی نہیں ہوں۔ برطانیہ سے بذریعہ کراچی لاہور پہنچنے کے بعد علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ مجھے سیکیورٹی کے خطرات کی کوئی پرواہ نہیں ہے، دھمکیاں دینےوالے جان لیں میں ڈرنے والی نہیں ہوں، مجھے جان دینی بھی آتی ہے اور لڑنا بھی آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست سے پہلے معاشرے کی گندگی صاف کرنے کی ضرورت ہے اور سیاست سے پہلے سماجی تحریک چلانے کی ضرورت ہے، دوسروں کے نقصان کا سوچنے والوں کا خود اپنا نقصان ہوتا ہے، الزام لگانے والے بتائیں میں کس سے پیسے لیے اور ایسے الزامات لگانے والوں نے اپنی اوقات دکھادی۔
اس موقع پر ریحام خان سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ اب کسی دوسرے عمران خان کا انٹرویو کریں گی، جس کا جواب دیتے ہوئے ریحام نے کہا کہ میں نے بہت انٹرویو کرلیے اس لیے اب مزید نہیں کروں گی۔
پاکستان واپسی پر ان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں اپنے حوالے سے نازیبا باتیں سن کر پاکستان آنے کا فیصلہ کیا، میڈیا پر اپنے بارے میں باتیں سن کر بہت گھبرا رہی تھی لیکن خوشی ہے پاکستانیوں کی محبت اور شفقت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹریٹ چلڈرن کے لیے کام کرتی رہوں گی، جبکہ ایک ہفتے کے اندر اپنے میڈیا کریئر کا دوبارہ آغاز کروں گی۔
واضح رہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل عمران خان اور ریحام خان کے درمیان 10 ماہ شادی کے بندھن میں رہنے کے بعد طلاق ہوگئی تھی۔
ریحام خان طلاق کے بعد برطانیہ روانہ ہوگئی جہاں انہوں نے مختلف میڈیا اداروں کو انٹرویو کے دوران کالے جادو سمیت طلاق کی وجوہات بتائیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کی بہنیں انہیں پسند نہیں کرتی تھیں جو طلاق کی دیگر وجوہات میں سے ایک وجہ بنی۔