ترجمان دفتر خارجہ نے فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس کی ٹیم کے دورۂ پاکستان کو نہایت کامیاب قرار دے دیا۔ کہا کہ پاکستان کی جانب سے دونوں ایکشن پلانز کی تکمیل فیٹف معیارات پر بہترین انداز میں پورا اترنے کا اعتراف ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے تناظر میں ایف اے ٹی ایف (فیٹف) کی تکنیکی ٹیم کا حالیہ دورہ نہایت کامیاب رہا، پاکستانی حکام کی ملاقاتیں تعمیری اور مثبت ماحول میں ہوئیں جبکہ فیٹف ٹیم نے متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد اے ایم ایل اور سی ایف ٹی نظام میں اصلاحات کی توثیق کرنا تھا، فیٹف کی ٹیم نے نکات پر پورا اترنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعتراف کیا، فیٹف کی رپورٹ پر اکتوبر 2022ء کے تیسرے ہفتے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان فیٹف کی جاری جانچ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا منتظر ہے، پاکستان پر فیٹف کا تازہ جائزہ گزشتہ 3 سال کے نتائج سے بہت بہتر ہے، 4 سال کی سخت محنت اور مسلسل کوشش سے پاکستان نے فیٹف کے معیارات پر تکنیکی کامیابی حاصل کی اور 2 جامع ایکشن پلانز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنایا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان مستقبل میں بھی اپنی کوششیں جاری رکھنے کیلئے پُرعزم ہے، پاکستان 40 میں سے 38 سفارشات پر عملدرآمد کرچکا ہے، اس کامیابی سے پاکستان نکات و سفارشات کی تعمیل کرنیوالے صف اول کے ممالک میں شامل ہوگیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کے خطرات کو نمایاں طور پر کم کردیا۔