|

وقتِ اشاعت :   September 17 – 2022

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف قانون اور قاعدے کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ اداروں، آرمی چیف کی تعیناتی، آئی ایم ایف کے پروگرام اور سیلاب متاثرین کی امداد کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قومی سلامتی اور قومی وجود پر حملہ کر رہے ہیں، اپنے اقتدار کے لیے وہ ملک کی سلامتی بھی داؤ پر لگا سکتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک کو آج جس قدر استحکام کی ضرورت ہے ماضی میں کبھی نہیں رہی، سیلاب کی موجودہ صورت حال میں سیاست کو کچھ دیر کے لیے ایک طرف رکھ دینا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ چین نے امید ظاہر کی ہے کہ سی پیک پر کام جلد اور تیزی سے فعال ہو گا۔

وزیر دفاع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نومبر میں شہباز شریف آئین کے مطابق نئے آرمی چیف کا تقرر کریں گے، عمران خان کے کہنے سے کیا فرق پڑتا ہے۔