کیا آپ دنیا میں توانائی کے بحران کے باعث فکرمند ہیں؟ تو اچھی خبر یہ ہے کہ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک یہ مسئلہ حل کرنے کا منصوبہ پیش کرنے والے ہیں۔
جی ہاں واقعی ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں زمین پر ماحول دوست توانائی کے حوالے سے ماسٹر پلان پیش کرنے کا عندیہ دیا۔
انہوں نے ٹوئٹ پر لکھا کہ وہ یکم مارچ کو ٹیسلا انویسٹر ڈے کے موقع پر زمین پر ماحول دوست توانائی کے مستقبل کے لیے ماسٹر پلان 3 پیش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری دنیا کا مستقبل روشن ہے۔
ایلون مسک کی جانب سے ماضی میں 2 ماسٹر پلان پیش کیے جاچکے ہیں۔
ایلون مسک نے 2006 میں ٹیسلا کے لیے پہلے ماسٹر پلان کو پیش کیا تھا۔
اس ماسٹر پلان میں ایلون مسک نے معیاری الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے منصوبوں پر بات کی تھی، جن کے منافع کو وہ زیادہ سستی گاڑیوں کی تیاری کے لیے استعمال کریں گے۔
ان سستی گاڑیوں کے منافع سے مزید سستی گاڑیاں تیار کی جائیں گی اور یہ سب گاڑیاں کسی قسم کی زہریلی گیسیں خارج نہیں کریں گی۔
ان کا یہ ماسٹر پلان کسی حد تک ٹیسلا کے لیے کارآمد ثابت ہوا۔
ایلون مسک کا دوسرا ماسٹر پلان 2016 میں سامنے آیا تھا جس میں الیکٹرک گاڑیوں کے ساتھ ساتھ مزید ٹیکنالوجیز جیسے سولر پینلز پر مشتمل چھتوں کی تیاری کی بات کی گئی تھی۔
اس ماسٹر پلان میں انہوں نے خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی ٹیکنالوجی کی تیاری کا منصوبہ بھی پیش کیا تھا۔
یہ ماسٹر پلان کافی سست روی کا شکار ہے، سولر پینلز پر مشتمل چھتیں تو تیار ہورہی ہیں مگر بہت کم تعداد میں، جبکہ خودکار ڈرائیونگ کی ٹیکنالوجی پر بھی زیادہ پیشرفت نہیں ہوسکی۔
اب تیسرا ماسٹر پلان کیا ہے، اس کے بارے میں ابھی کچھ بھی کہنا ممکن نہیں۔