پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، اسلام آباد نے کوئٹہ کو جیت کے لیے 129 رنز کا ہدف دیاجس کے جواب میں احمد شہزاد اور لک رائٹ نے ٹیم کو 4 اوورز میں 53 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم احمد شہزاد صرف 11 رنز بنا کر آوٹ ہوگئے جب کہ کیون پیٹرسن بھی 8 رنز بنا کر عمران خالد کا شکار بنے تاہم لک رائٹ نے تیسری وکٹ کے لیے محمد نواز کے ساتھ ملکر 59 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری قائم کی، لک رائٹ 86 جب کہ محمد نواز 22 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے، اسلام آباد کی جانب سے عمران خالد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نےٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اسلام آباد نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔ شین واٹس اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن وہ ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور 24 رنز پر دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، واٹسن 15، شرجیل خان 10 رنز ہی بناسکے جب کہ عمر امین بغیر کوئی رنز بنائے آوٹ ہوئے۔ کوئٹہ کے بولرز نے کسی بھی بیٹسمین کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں دیا اور وقفے وقفے سے اسلام آباد کی وکٹیں گرتی رہیں۔ بابر اعظم 15، سیم بلنگز 2 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، 63 رنز پر 5 وکٹیں گرنے کے بعد اسلام آباد کے لیے 100 رنز کرنا بھی مشکل دکھائی دے رہا تھا تاہم مصباح الحق کی 41 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز اور ایندرے رسل کی آخری لمحات میں جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر کھڑا کردیا، رسل نے 20 گیندوں پر 35 رنز کی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ کی جانب سے محمد نواز نے 4، عمر گل، انور علی اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔