پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل احمد شریف نے فوج کے افسران کے استعفوں سے متعلق افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے فوج اپنے چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہے اور جمہوریت کے مکمل حامی ہیں لہٰذا مارشل لا کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ’اندرونی شرپسندوں اور بیرونی دشمنوں کی پوری کوششوں کے باوجود فوج چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے زیر متحد تھی، متحد ہے اور متحد رہے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اس کو تقسیم کرنے کا خواب خواب ہی رہے گا، نہ تو کسی نے استعفیٰ دیا اور نہ ہی کسی نے حکم کی خلاف ورزی کی ہے‘۔
میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ جونیئر افسران کی جانب سے استعفوں کی خبریں گردش کر رہی ہیں کیا اس میں صداقت ہے تو ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف افواہیں ہیں، کسی نے استعفیٰ نہیں دیا اور ان افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، فوج جنرل عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہے۔