کوئٹہ: لورالائی میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے ایک خاتون کو قتل اور دوسری کو زخمی کردیا۔ لیویز نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ لورالائی سے اٹھائیس کلو میٹر دور کے علاقے ڈی جی خان روڈ پر کلی توغی میں نامعلوم مسلح افراد نے شمس الدین ولد نور محمد موسیٰ خیل کے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس سے شمس الدین کی بیٹی بی بی عائشہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسری بیٹی بی بی سلیمہ زخمی ہوگئی۔ فائرنگ کی وجہ پرانی دشمنی بتائی جاتی ہے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ لیویز نے اطلاع ملنے پر ملزمان کا تعاقب کیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر عبدالجبار بلوچ کی قیادت میں لورالائی کے علاقے لوڑی دامان میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔