|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2023

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ہونے والے بم دھماکے میں شہادتوں کے بعد سیاسی قیادت نے متحد ہو کر پیغام دیا ہے کہ دہشت گرد سب کے دشمن ہیں۔

مولانا فضل الرحمان

بم دھماکے پر رد عمل دیتے ہوئے امیر جے یو آئی (ف) فضل الرحمان نے کہا کہ جےیوآئی کے ورکر کنونشن کے دوران دھماکے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے افسوسناک واقعہ کی انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں۔

 

انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے، زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعاء گو ہیں، کارکنوں کو پیغام ہے کہ جلد ہسپتال پہنچ کر خون کے عطیات دیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے مزید کہا کہ جے یو آئی کے کارکنان پر امن رہے، وفاقی و صوبائی حکومت زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرے۔

حافظ حمد اللہ

سماء ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا کہ ہمارے پاس جو اطلاع ہے اس کے مطابق ہمارے 10 سے 12 ورکرز شہید ہو چکے ہیں اور کئی درجن زخمی ہیں۔دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، اس کنونشن میں مجھے بھی جانا تھا لیکن میں ذاتی مصروفیت کی وجہ سے وہاں نہیں جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ حافظ حمداللہ نے کہا کہ میں حملہ کرنے والوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر وہ اسے جہاد کہتے ہیں تو یہ جہاد نہیں ہے، یہ فساد اور کھلم کھلا دہشت گردی ہے، یہ انسانیت پر حملہ ہے، پورے باجوڑ اور ریاست پر حملہ ہے۔میں ریاست اور ریاستی اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس دھماکے کی تحقیقات ہونی چاہیے، یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ بار بار ہوتا رہا ہے، اس سے پہلے بھی باجوڑ میں ہمارے مختلف سطح کے عہدیداروں کو شہید کیا گیا جس پر ہم نے پارلیمنٹ میں بھی آواز اُٹھائی لیکن آج تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

آصف زرداری

دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جے یو آئی ف کے کنونشن میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گرد سب کے دشمن ہیں، سوات کی طرح پورے ملک کو دہشتگردی کی نرسریوں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے، بم دھماکے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری

اُدھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نے کہا کہ باجوڑ میں جے یو آئی ف کے کنونشن میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہی، شہداء کے خاندانوں اور جے یو آئی ف سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ وفاقی اور خیبر پختونخوا کی حکومت دہشت گردوں کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لائے، دہشتگردی کے منصوبہ سازوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

سراج الحق

امیر جماعت اسلامی اور سابق سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جانی نقصان پر بہت زیادہ افسوس ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام سیاسی قائدین اور شہریوں کی جان ومال کاتحفظ یقینی بنائے، حملہ کا مقصد ملک میں افراتفری کی صورتحال پیدا کرنا ہے، دہشتگرد عناصر اور انکے سرپرست ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے، حکومت سے مطالبہ ہےکہ وہ بم دھماکے کی فوری اور مکمل تحقیقات کروائے۔

گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، ورکرز کنونش میں ہونے والے بم دھماکوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں، اس طرح بے گناہ شہادتوں کی اجازت کوئی بھی دین نہیں دیتا، جو لوگ بھی شدید زخمی ہیں ان کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، شدید زخمیوں کو پشاور لانے کے لیے انتظامات شروع کیے جا رہے ہیں، جو بھی سہولیات درکار ہیں وہ دی جائیں گی، کمشنر، چیف سیکرٹری سمیت دیگر حکام کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ زخمیوں کو فوری علاج کے لیےتمام سہولیات دی جائیں گی، شہید ہونے والوں کے لیے دعا گو ہیں اور پسماندگان کے ساتھ ہیں۔