پنجاب کے شہر وزیر آباد اور گردونواح میں بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کو نہ بھرنے سے متعلق مسجد میں اعلان کردیا گیا۔
بجلی کے بھاری بھرکم بلوں پر پاکستان بھر میں عوام مسلسل سراپا احتجاج ہیں، عوام کی جانب سے ناصرف بجلی کے بلوں کو نذر آتش کیا گیا بلکہ حکومت سے ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔
وزیرآباد اور اس کے گردونواح سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں مسجد کے امام نے لاؤڈ اسپیکر پر بجلی کے بل نہ بھرنے کے لیے پیغام دیا۔
وائرل ویڈیو میں مسجد کے اسپیکر سے امام کو اعلان کرتے دیکھا جاسکتا ہے جس میں مسجد کے امام نے کہا کہ ’ وکلا اور صحافی برادری کی جانب سے متفقہ اعلان کیا جاتاہے کہ اہلیان میں سے کوئی بھی بجلی کا بل ادا نہیں کرے گاکسی بھی قسم کی محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنے کے لیے ہم سب آپ کے ساتھ ہیں‘۔
واضح رہے کہ بھاری بھرکم بجلی بلوں کے خلاف کراچی، لاہور، ملتان، سرگودھا، بہاولنگر، حافظ آباد، کمالیہ، رحیم یار خان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے اور احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔
اس کے علاوہ عوامی اشتعال کے پیش نظر میٹر ریڈرز رہائشی علاقوں میں جانے سے گریز کر رہے ہیں۔
ادھر اسلام آباد اور ملتان کے بعد پشاور کی الیکٹرک کمپنی نے بھی اسٹاف کی سکیورٹی کے لیے پولیس سے مدد مانگ لی ہے۔