کوئٹہ: کراچی پولیس کو لیفٹیننٹ کرنل کے اغواء سمیت سنگین وارداتوں میں مطلوب دو اشتہاری ملزمان کو حب سے گرفتار کرلیا گیا۔جعفرآباد سے بھی جج کو اغواء کرنے والے خطرناک ڈاکو کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایس ایس پی لسبیلہ بشیر بروہی کے مطابق کراچی سے متصل بلوچستان کے صنعتی شہر میں پولیس تھانہ ساکران پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور دو اشتہاری ملزمان کو گرفتار میں لے لیا۔ دونوں گرفتار ملزمان نے دو ہزار دس میں کراچی سے فوج کے لیفٹیننٹ کرنل کو اغواء کیا تھا۔ ملزمان اغواء کی اس مقدمے کے علاوہ کراچی پولیس کو پولیس مقابلے کے ایک مقدمے میں بھی مطلوب تھے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب جعفرآباد میں سی آئی اے پولیس نے کاررائی کرتے ہوئے سندھ اور بلوچستان کے ڈاکوؤں کے ایک خطرناک گروہ کے سرغنہ بشیر احمد محمد حسنی کو گرفتا رکرلیا۔ ملزم قتل ، اغواء برائے تاوان اور دیگر وارداتوں میں ملوث تھا ۔ 2011ء میں ماتحت عدالت کے ایک جج کے اغواء کے واقعہ میں بھی ملزم ملوث تھا۔