چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے ایک جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے۔
کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا قوم کو بتانا پڑے گا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے قتل میں کون ملوث تھا، بھٹو کے عدالتی قتل کے سہولت کار کون تھے، جنرل ضیا سے لیکر، ججز، وکیلوں اور سیاستدانوں سمیت جو بھی سہولت کار تھے وہ اس ملک کے مجرم ہیں، امید رکھتے ہیں کہ قانون اور تاریخ سے انصاف کیا جائےگا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا الیکشن میں کوئی کھلاڑی اور نہ کوئی اور ہمارا کا مقابلہ کر سکتا ہے، ایک الیکشن اس لیے لڑ رہا ہے کہ جیل سے نکل جائے اور دوسرا اس لیے لڑ رہا ہے کہ جیل سے بچ جائے لیکن میں عوام کے مسائل کےحل کیلئے الیکشن لڑ رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا ہم صرف عوام کیلئے الیکشن لڑ رہے ہیں کیونکہ ہمارے قائد نے سکھایا تھا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہم روایتی تقسیم کی سیاست کو دفن کرکے خدمت کی سیاست کا آغاز کریں گے، ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں، بے روزگاری، مہنگائی اور غربت سے ہے۔