|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2025

بلوچستان کی تعمیر اور ترقی،عوام کی خوشحالی، فلاح وبہبود سمیت زندگی کی جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
بلوچستان کو وفاقی حکومت کی جانب سے بڑے پیکجز دئیے جائیں تاکہ ترقی کی رفتار تیز ہو جس طرح سے پنجاب اور سندھ میں نئے منصوبوں کا آغاز کیا جارہا ہے جن میں موٹروے، ایکسپریس وے، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے، تعلیم، صحت اور نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرض کے ذریعے گاڑیوں کی فراہمی، اسکالر شپ، وظیفہ، لیپ ٹاپ کی فراہمی سمیت دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔
اسی طرح بلوچستان پر بھی وفاق خاص توجہ دے کیونکہ بلوچستان میں مسائل بہت زیادہ ہیں ۔
پسماندگی اور محرومیوں کے خاتمے سے نوجوانوں میں شاندار مستقبل کی امید پیدا ہوگی جو بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔
کاروبار کے وسیع تر مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے معاشی روڈ میپ بھی ضروری ہے۔
صوبہ بھر میں بڑی شاہراہوں کا نیٹ ورک قائم ہونے سے مستقبل میں بلوچستان ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہوگا، لوگ خوشحال ہوںگے۔
ان منصوبوں سے صوبے کے چھوٹے بڑے شہرایک دوسرے سے جڑ جائیںگے۔
دور افتادہ، دشوار گزاراور پہاڑی علاقے اِن شاہراہوں سے منسلک ہوں گے اور وہاں کی آبادی کو نہ صرف سفری سہولت میسرآئے گی بلکہ ان کا بین الصوبائی اور ملک کے بڑے شہروں سے بھی زمینی رابطہ قائم ہوجائے گا۔ بلوچستان کے زرعی اجناس کو ملک کے بڑے شہروں کی منڈیوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی جبکہ دیگر کاروبار کے ذرائع پیدا ہونگے۔
بلوچستان میں شاہراہوں کے نیٹ ورک کی کمی سے عوام کو آمد و رفت اور تجارت کے حوالے سے بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔
بلوچستان میں شاہراہوں کا نیٹ ورک قائم ہونے سے معاشی خوشحالی آئے گی۔
صوبے کے شہر شہر، قریہ قریہ، دیہات اوروادیوں میں رہائش پذیر عوام کو بڑے شہروں تک بہترین انداز میں رسائی ہوگی۔
شاہراہوں کے نیٹ ورک کے موثر نظام سے تجارتی اور سفری سہولت پیدا ہوگی جس سے تاجر اور عوام مستفید ہونگے بلوچستان حکومت کو بھی مالی حوالے سے فائدہ پہنچے گا جب صوبہ میں تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی تو ریونیو میں اضافہ ہوگا، بلوچستان حکومت اپنی آمدن سے نئے منصوبوں کا آغاز کرسکے گی اس کے ساتھ دیگر بنیادی مسائل کے خاتمے کے حوالے سے بھی حکومت بہترین منصوبے بنائے گی مگر اس کیلئے وفاقی حکومت کا تعاون انتہائی ضروری ہے جو ایک بڑے پیکج سے ممکن ہے جس سے بلوچستان میں ترقی و خوشحالی کا خواب ممکن ہوسکے۔