|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2025

بلوچستان میں صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومتی سطح پر ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
بلوچستان میں طبی تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہتری لانا موجودہ حالات میں ناگزیر ہے۔
بلوچستان سب سے زیادہ پسماندہ صوبہ ہے جہاں صحت سمیت دیگر چیلنجز موجود ہیں، رقبے کے لحاظ سے ملک کا نصف حصہ ہے جبکہ منتشر آبادی پر پھیلا ہوا خطہ ہے جہاں صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات بڑے چیلنجز ہیں ۔
بہرحال بلوچستان ایک مالا مال خطہ ہے جہاں بڑے منصوبوں سمیت معدنی وسائل، سی پیک جیسے اہم منصوبے چل رہے ہیں ،ایسے خطے میں صحت، طبی تعلیم سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانا مشکل نہیں اگر بلوچستان کے وسائل کو اس کے عوام پر نیک نیتی سے خرچ کیا جائے۔
وفاق کی جانب سے بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ، بجٹ میں اضافہ، وسائل سے ملنے والے محاصل جائز طریقے سے دیئے جائیں تو بلوچستان بھی ہر شعبے میں دیگر صوبوں کی طرح ترقی کرے گا۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز ریجنل آفس کوئٹہ کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کی سربراہی میں خواتین ڈاکٹرز کے وفد نے ملاقات کی جس میں صوبے میں صحت کے شعبے کی بہتری اور طبی تعلیم کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
پروفیسر ڈاکٹر عائشہ صدیقہ نے وزیر اعلیٰ کو بلوچستان میں صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
انہوں نے صوبے میں طبی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور جدید اسپتالوں کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیا تاکہ عوام کو معیاری علاج اور صحت کی سہولتیں میسر آسکیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کے دوران صحت کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت بلوچستان صحت کے نظام کو مستحکم بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
پروفیسر ڈاکٹر عائشہ صدیقہ نے وزیر اعلیٰ کے عزم کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صوبے میں طبی تعلیم کے فروغ اور اسپتالوں کی بہتری کے لیے جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے، جس سے صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی۔
بہرحال بلوچستان حکومت موثر حکمت عملی سمیت وسائل کے صحیح استعمال سے طبی تعلیم کے فروغ سے صحت کے شعبے میں تبدیلی لاسکتی ہے جس سے بلوچستان کے عوام مستفید ہوں گے۔