|

وقتِ اشاعت :   June 20 – 2025


فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات کی جس میں تجارت اور توانائی سمیت ایران اسرائیل تنازع پر بھی بات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی جس دوران امریکی وزیر خارجہ سینیٹر مارکو روبیو، مشرق وسطیٰ امور کے امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف جب کہ پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ امریکی صدر اور فیلڈ مارشل کی اعلیٰ سطح کی ملاقات کابینہ روم میں ظہرانے کے موقع پر ہوئی جس کے بعد اوول آفس کا دورہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے پاکستان اور اس کے عوام کی جانب سے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے صدر ٹرمپ کی اقوام عالم کے چیلنجز سمجھنے کی قائدانہ صلاحیتوں اور عالمی چیلنجزسے نبردآزما ہونے کی صلاحیتوں کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اعلیٰ سطح کی ملاقات میں تجارت، معدنیات، مصنوعی ذہانت، توانائی اور کرپٹو کرنسی سمیت کئی شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی جب کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان سے طویل مدتی اسٹریٹیجک اشتراک اور مشترکہ مفادات پرمبنی تجارتی شراکت داری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی ملاقات میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ دونوں جانب سے ایران اور اسرائیل تنازع کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فیلڈ مارشل اور امریکی صدر کی ایک گھنٹے کی شیڈول ملاقات 2 گھنٹوں سے زیادہ جاری رہی جس میں صدر ٹرمپ نے مشکل علاقائی حالات میں فیلڈ مارشل عاصم منیرکی قیادت اورفیصلہ کن کردارکو سراہا جب کہ فیلڈ مارشل نے حکومت پاکستان کی جانب سے صدر ٹرمپ کو مناسب موقع پر دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات پاک امریکا دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں میں اہم سنگِ میل ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیرسے ملاقات کا اعزاز حاصل ہوا۔
ٹرمپ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بھارت کے خلاف جنگ روکنے پر شکریہ اداکرنے کیلئے مدعو کیا تھا، ان سے ایران کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔
ٹرمپ نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے ، پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔
امریکی صدر نے کہاکہ پاکستان، ایران کو دیگر لوگوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر جانتا ہے ، پاکستانی اس صورتحال پر خوش نہیں ہیں۔
بہرحال فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات غیر معمولی ہے ،دونوں ممالک کے درمیان تجارت سمیت علاقائی امن خاص کر ایران اسرائیل تنازع پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔
خطے میں مستقل امن کیلئے پاکستان نے ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیا ہے اور امریکہ کے ساتھ شراکت دار بھی رہی ہے۔
پاک امریکہ دیرینہ تعلقات ایک بار پھر ٹریک پر آرہے ہیں خطے میں امن اور ترقی کیلئے دونوں ممالک کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کی ماضی بھی گواہ ہے کہ دہشت گردی کے خلاف دونوں ممالک نے ساتھ کام کیا ہے۔
موجودہ حالات معیشت، تعلیم کی ترقی، انسانی وسائل پر توجہ دینے کا ہے، پاک امریکہ دوستانہ تعلقات کے ذریعے نئے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی اس امید کے ساتھ کہ خطے میں نئے تنازعات کو بات چیت کے ذریعے ختم کیا جائے گا جبکہ معاشی ترقی پر زیادہ توجہ مرکوز ہوگی جس سے مستقبل میں خطے میں امن اور ترقی کے راستے کھلیں گے اور تمام ممالک کے عوام اس سے فائدہ اٹھائینگے۔