کوئٹہ: امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کسی بھی ناانصافی، عوام دشمنی اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں کو قبول نہیں کرے گی۔ ہم عوام کے حق کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے
اور ان کے حقوق کا ہر ممکن تحفظ کریں گے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حق کے لیے آواز بلند کی، ہر فورم پر باور کرایا کہ عوام کو ان کے جائز حقوق دیں، انہیں ان کے وسائل سے محروم نہ کریں، اور انہیں مجبور نہ کریں کہ وہ غیر یقینی کی راہ پر چل پڑیں۔
وہ تاریل راہوں کے مسافر بنے ، مگر بدقسمتی سے، حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔
آج بھی حکمران وہی بے حسی، وہی غفلت، اور وہی عوام دشمن رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ عوام اب مزید دھوکہ کھانے کو تیار نہیں۔ حکومت جتنی چاہے آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرے، حقیقت یہی ہے کہ عوام سب جان چکے ہیں۔
وہ زمینی حقائق سے واقف ہو چکے ہیں، وہ اپنے حقوق اور ان پر ہونے والے مظالم سے آگاہ ہو چکے ہیں۔ حکمرانوں کو سمجھ لینا چاہیے کہ عوامی آواز کو دبانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔
اب وقت آ گیا ہے کہ عوام کی رائے کا احترام کیا جائے، انہیں مزید دیوار سے نہ لگایا جائے، اور بلوچستان کے وسائل کو مخصوص ٹولے کی جاگیر بنانے کے بجائے یہاں کے عوام پر خرچ کیا جائے