|

وقتِ اشاعت :   July 11 – 2025

اسلام آباد : قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف عمر ایوب خان نے لورالائی اور موسی خیل کے قریب قومی شاہراہ پر دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائی میں بے گناہ اور معصوم مسافروں کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں اور معصوم شہریوں کو سرعام نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے۔ دہشتگردوں نے بے گناہ جانوں کو نشانہ بنا کر بدترین بربریت کا مظاہرہ کیا ہے۔عمر ایوب خان نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے،دہشتگرد دندناتے پھر رہے ہیں اور معصوم شہریوں کو سرعام نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ محنت اور مزدوری کے لیے پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد پہلے بھی اسی طرح قتل کیے گئے۔انہوں نے کہاکہ تحفظ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی آئینی و انتظامی ذمہ داریاں نبھانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ معصوم لوگوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ عمر ایوب خان نے کہاکہ بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔