|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2025

کوئٹہ : صوبائی امیر جمعیت علمااسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اپنے بیاں میں کہاہے کہ بلوچستان، جو عرصہ دراز سے ملک دشمنوں کا ہدف ہے ، یہاں بھی جمعیت علما اسلام نے عوام کے حق کے لیے ہمیشہ مضبوط آواز بلند کی ہے۔

ہم نے ہر فورم پر بلوچستان کے جائز حقوق کی جنگ لڑی اور ہر اس کوشش کی مخالفت کی جس سے اس خطے کے عوام کو مزید مشکلات میں دھکیلنے کی سازش کی گئی۔

ہم ترقی و خوشحالی کے ایسے راستے کے داعی ہیں جو حقیقی معنوں میں عوامی فلاح و بہبود پر مبنی ہو، نہ کہ محض نعروں اور جذباتی دعووں پر انھوں نے مزید کہاں کہ ہمارے مخالفین نے ہمیشہ پروپیگنڈوں، جھوٹے الزامات اور سازشوں کے ذریعے ہماری جدوجہد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، مگر تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہر مخالفت کا جواب صبر، استقامت اور حکمت سے دیا۔

عوام کی بے لوث خدمت، حق و سچ کی بالادستی، اور اسلامی اقدار کی حفاظت ہمارا نصب العین ہے۔

ہم اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، ہمارا سفر جاری رہے گا، کیونکہ جمعیت علما اسلام محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک نظریاتی تحریک ہے، جو ہر حال میں دین و وطن کی سربلندی کے لیے برسرِ پیکار رہے گی۔