|

وقتِ اشاعت :   July 17 – 2025

کوئٹہ: سینئر سیاست دان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ آئینی اور تاریخی انصاف کیلئے احتجاج کرنے والوں کو پابند سلاسل رکھنے کے خلاف ان کے رشتہ دار اسلام آباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کررہے ہیں،

ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے بلوچستان اور فاٹا کے لوگوں کو انصاف فراہم کرے۔ ایک بیان میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ملکی ادارے اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کرنے میں ناکام ہیں، بلوچستان کے لوگ اپنے آئینی حقوق اور انصاف کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں،

جن خواتین اور بچوں نے اپنے رشتہ داروں اور لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے احتجاج کیا انہیں انصاف فراہم کرنے کی بجائے پابند سلاسل رکھا گیا ہے اور ان کی باپردہ عزیز واقارب اسلام آباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پریس کلب کے سامنے مظاہرہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت لوگوں کو ڈلیور کرنے میں ناکام رہی ہے اور حق کی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے لاپتہ افراد کے اہلخانہ بلوچستان اور فاٹا کے دیگر لوگوں کو انصاف فراہم کرے۔